نیوز ڈیسک
کوئٹہ: معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور، نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان مجوزہ میڈیا پالیسی کو تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حتمی شکل دینا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) سمیت تمام نمائندہ میڈیا اداروں کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
سی پی این ای کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان آزاد، ذمہ دار اور پیشہ ور صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ حکومت کا مقصد میڈیا تنظیموں سے تصادم نہیں بلکہ باہمی اعتماد، تعمیری مکالمے اور مثبت مشاورت کے ذریعے ایک ایسی شفاف، متوازن اور میرٹ پر مبنی میڈیا پالیسی تشکیل دینا ہے جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اگر سی پی این ای کو مجوزہ میڈیا پالیسی سے متعلق کسی بھی نوعیت کے تحفظات یا تجاویز ہیں تو حکومت ان پر سنجیدگی سے غور کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے سی پی این ای کی قیادت کو باقاعدہ دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ کوئٹہ آکر حکومت بلوچستان کے ساتھ تفصیلی مشاورت کرے اور اپنی سفارشات پیش کرے تاکہ نئی میڈیا پالیسی کو ان تجاویز کی روشنی میں مزید مؤثر، شفاف اور قابلِ عمل بنایا جا سکے۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کا مقصد کسی بھی میڈیا ادارے، اخبار یا شعبۂ صحافت کے ساتھ امتیازی سلوک کرنا نہیں بلکہ ایسا میڈیا فریم ورک متعارف کرانا ہے جو میرٹ، شفافیت، مساوی مواقع اور جدید تقاضوں پر مبنی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی واضح ہدایت ہے کہ نئی میڈیا پالیسی کی تیاری میں تمام متعلقہ فریقوں کی رائے کو اہمیت دی جائے۔ اگر مشاورت کے دوران پالیسی کے کسی بھی پہلو میں بہتری کی ضرورت محسوس ہوئی تو حکومت مثبت اور تعمیری تجاویز کو خوش دلی سے قبول کرے گی۔







