کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے انسپکٹر مٹھا خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انسپکٹر مٹھا خان ایک بہادر، فرض شناس اور پیشہ ور افسر تھے جنہوں نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔
شاہد رند نے مزید کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے نہ تو بلوچستان کے عوام کے حوصلے پست کر سکتے ہیں اور نہ ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم کو متزلزل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہید افسر کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہے۔







