ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) نے ضلع چاغی میں ایک کمیونٹی ہیلتھ کلینک اور پرائمری اسکول کا افتتاح کرکے مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے، جس سے علاقے میں بنیادی صحت کی سہولیات اور تعلیم تک رسائی مزید بہتر ہوگی۔
مشکیچہ کمیونٹی ہیلتھ کلینک اور نوکچاہ پرائمری اسکول کا افتتاح آر ڈی ایم سی کے جاری کمیونٹی انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت کیا گیا۔ افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکوڈک پراجیکٹ کے جنرل مینیجر ریان مچل نے کہا کہ یہ منصوبے کمیونٹی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیے گئے ہیں، جن کا انتخاب کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹیوں کے ذریعے کیا گیا تاکہ مقامی ترجیحات پوری ہوں اور منصوبوں کی طویل مدتی ملکیت اور پائیداری یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ آر ڈی ایم سی کی توجہ ایسے عملی منصوبوں پر مرکوز ہے جو روزمرہ زندگی میں براہِ راست بہتری لائیں، اور جو مقامی آبادی کے تعاون سے تیار کیے جائیں تاکہ وقت کے ساتھ ان کی افادیت برقرار رہے۔
مشکیچہ ہیلتھ کلینک علاقے میں آر ڈی ایم سی کی جانب سے قائم کیا جانے والا تیسرا طبی مرکز ہے، اس سے قبل ہمایٔی اور نوکنڈی میں بھی صحت مراکز قائم کیے جا چکے ہیں۔ یہ کلینک بالخصوص ماؤں اور بچوں کو قبل از ولادت اور بعد از ولادت نگہداشت سمیت بنیادی طبی سہولیات فراہم کرے گا، جس سے نہ صرف مشکیچہ بلکہ گرد و نواح کے دیہات میں بھی صحت کے حالات بہتر ہونے کی توقع ہے۔
کمیونٹی انویسٹمنٹ لیڈ محمد عیسیٰ طاہر نے بتایا کہ اس وقت ایک موبائل ہیلتھ یونٹ بھی فعال ہے جو 20 سے زائد دیہات میں خدمات فراہم کر رہا ہے، اور ان اقدامات کے ذریعے دور دراز علاقوں تک قابلِ اعتماد طبی سہولیات پہنچائی جا رہی ہیں۔
تعلیم کے شعبے میں نوکچاہ پرائمری اسکول کا افتتاح آر ڈی ایم سی کے تعلیمی فروغ کے عزم کا مظہر ہے۔ کمپنی کے کمیونٹی پروگرام میں تعلیم کو بنیادی ستون کی حیثیت حاصل ہے، جس کے تحت اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری، کلاس رومز کے ماحول کو بہتر بنانے اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دیرپا نتائج حاصل کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔
اسکول کی افتتاحی تقریب میں طلبہ، والدین، اساتذہ، عمائدینِ علاقہ اور مقامی رہنماؤں نے شرکت کی۔ کمیونٹی نمائندہ عبدالسلام نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم بچوں کو بااختیار بنانے اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
اسکولوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ آر ڈی ایم سی مستند اساتذہ کی تعیناتی، درسی کتب اور یونیفارم کی فراہمی کے ذریعے بھی تعلیمی سہولیات میں بہتری لا رہا ہے، جس سے ضلع چاغی میں معیاری تعلیم تک رسائی کو مزید وسعت مل رہی ہے۔







