کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے ضلع کوئٹہ میں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ حکم کے مطابق اسلحہ کی نمائش و استعمال، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، گاڑیوں پر سیاہ شیشے، بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی حرکت، پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوس یا ریلیاں، اور عوامی مقامات پر چہروں کو چھپانے کے لیے مفلر یا ماسک کا استعمال ممنوع ہے، جس میں خواتین اور بچوں پر بھی پابندی شامل ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کوئٹہ میں تیزاب اور دھماکہ خیز مواد کی نقل و حمل بھی سختی سے ممنوع ہے۔ پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور کو ان پابندیوں پر عملدرآمد کروانے کے اختیارات فراہم کیے گئے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف دفعات 188 تعزیراتِ پاکستان اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی ہوگی۔
محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ پابندیوں کے نفاذ کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر محکمہ داخلہ کو رپورٹ ارسال کریں۔







