نمائندہ خصوصی :
سبی ڈویژن اسپورٹس فیسٹیول 27 سے 30 نومبر تک جاری رہنے کے بعد ایک پُررونق اور رنگین اختتامی تقریب کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔ چار روزہ ایونٹ میں مختلف کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں نے شہریوں کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
فیسٹیول کے دوران کرکٹ، کبڈی، رسی کشی، بیڈمنٹن، ٹینس، فٹبال، فائر شوٹنگ، میوزیکل نائٹ اور دلکش آتش بازی سمیت کئی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی، نظم و ضبط اور جوش کا مظاہرہ کیا۔
یہ اسپورٹس فیسٹیول ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور سول حکام کے باہمی تعاون سے منظم کیا گیا تھا، جبکہ افتتاحی تقریب ڈپٹی کمشنر سبی اور مقامی ونگ کمانڈر نے کی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ سبی اسکاؤٹس کرنل منیر نے مختلف کھیلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے شرکا میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ اس طرح کی صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کو مثبت مواقع فراہم کرتی ہیں اور علاقے میں امن، ہم آہنگی اور کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ بنتی ہیں۔
فیسٹیول کی شاندار کامیابی پر عوام، کھلاڑیوں اور انتظامیہ کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا، جبکہ مستقبل میں بھی اسی نوعیت کے مقابلے جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا







