دُکی: بلوچستان کے ضلع دُکی میں سیکیورٹی فورسز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پانچ مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائی دُکی کے علاقے ڈبر پہاڑ کے مقام پر کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر فورسز نے گھیراؤ کیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے اور سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھے۔ دہشت گردوں کی لاشیں ابتدائی کارروائی کے لیے سول اسپتال دُکی منتقل کی گئیں، جہاں سے بعد ازاں ایمبولینسز کے ذریعے سول اسپتال کوئٹہ روانہ کر دیا گیا۔
علاقے میں مزید ممکنہ خطرات کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں۔