سید علی شاہ
کوئٹہ – وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کرپشن صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور جب تک اس ناسور کا خاتمہ نہیں کیا جاتا، اچھی طرز حکمرانی اور ترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔
انہوں نے یہ خیالات نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کوئٹہ کے دورے کے موقع پر زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے ظاہر کیے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ نیپا میں شہداء کے نام سے منسوب ہاسٹل اور آڈیٹوریم تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرے گا بلکہ افسران کی تربیتی سہولیات کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
افسران کے لیے پیغام
وزیراعلیٰ نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتیں عوامی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔
“اصل کارکردگی یہ ہے کہ عام آدمی جو سردی میں ٹھٹرتا اور گرمی میں جھلستا ہے، اس کی خدمت کی جائے۔”
انہوں نے کہا کہ افسران کو بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پختہ عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ ان کے مطابق کرپشن دہشت گردی سے بھی بڑا چیلنج ہے اور جب تک اس کا خاتمہ نہیں ہوتا، قومی استحکام ممکن نہیں






