نیوز ڈیسک
کوئٹہ، 24 اپریل – وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ زکوٰۃ کی تنظیم نو اور اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں غریب اور مستحق افراد تک مالی امداد کو مؤثر، شفاف اور بروقت پہنچانے کے طریقہ کار پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان کی سربراہی میں محکمہ زکوٰۃ کی تنظیم نو کا جامع منصوبہ ترتیب دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اصلاحاتی عمل کے دوران کسی ملازم کو برطرف نہیں کیا جائے گا اور تمام سفارشات ایک ماہ کے اندر منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے زکوٰۃ کی عدم فراہمی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستحقین کو زکوٰۃ براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی تاکہ کرپشن اور بدعنوانی کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسٹیٹ بینک سے رقم کی منتقلی کے ساتھ ہی مستحق افراد کو فوری ادائیگی ممکن بنائی جائے۔
انہوں نے محکمہ زکوٰۃ میں نئی بھرتیوں کی بجائے موجودہ افرادی قوت کے مؤثر استعمال پر زور دیا اور ایک سمارٹ، ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرانے کی ہدایت دی تاکہ پیچیدہ دفتری کارروائیوں کے بغیر مستحقین تک ان کا حق پہنچایا جا سکے۔
اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور و زکوٰۃ محترمہ شہناز صادق عمرانی، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری بابر خان اور سیکرٹری زکوٰۃ محمد اسحاق جمالی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔