کوئٹہ –نیوز ڈیسک: محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں آئندہ چار دنوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشگوئی جاری کی ہے۔
ریجنل میٹرولوجیکل سینٹر کوئٹہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ خضدار، آواران، مستونگ، لورالائی، سبی، بارکھان، نصیرآباد، جعفرآباد، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ، قلات اور تربت سمیت دیگر علاقوں کو متاثر کرے گا۔
ہفتہ کا موسم
زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم بارکھان، کوہلو، مستونگ، ڈیرہ بگٹی، قلات، خضدار، لسبیلہ، کوئٹہ، زیارت اور ژوب سمیت بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں شدید بارش بھی متوقع ہے۔
اتوار کا موسم
اتوار کو بھی موسم کی یہی صورتحال برقرار رہے گی۔ بارکھان، قلعہ عبداللہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ، سبی، شیرانی، مستونگ، خضدار اور لسبیلہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کا موسم
گزشتہ روز قلات میں 7 ملی میٹر، سامنگلی میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کوئٹہ اور بریوری میں ہلکی بارش (ٹریس) رپورٹ ہوئی۔
نکونڈی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دالبندین میں 45.0، سبی میں 44.5، اور اوسط محمد میں 41.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ کوئٹہ شہر کا درجہ حرارت 38.5 زیادہ اور 24.0 کم رہا۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاط برتنے اور موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔