تربت؛ماجد صمد
ضلع کیچ کی تحصیل دشت کے علاقے کھڈان کراس پر ایم 8 تربت۔کراچی قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے بڑی ڈکیتی کی واردات کرتے ہوئے سیکیورٹی کمپنی کی دو گاڑیوں کو روک کر عملے کو یرغمال بنایا اور 22 کروڑ روپے نقدی لوٹ لی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان ڈبل کیبن گاڑی میں سوار تھے اور واردات کے دوران میزان بینک تربت برانچ کے 14 کروڑ 55 لاکھ روپے اور بینک الفلاح کے 7 کروڑ 50 لاکھ روپے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے وقت دونوں کیش وین تربت سے کراچی روانہ تھیں۔
بینک ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے قومی شاہراہ کو بلاک کیا، عملے کو اسلحے کے زور پر قابو میں لیا اور نقدی لے کر فرار ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ، بشیر احمد بڑیچ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کی تلاش میں مصروف ہیں۔







