سٹاف رپورٹر:
کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے سیکیورٹی خدشات اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کے پیشِ نظر لورالائی روٹ (این-70 قومی شاہراہ) پر ٹرانسپورٹ سروسز کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پابندی 12 نومبر سے 14 نومبر 2025 تک نافذ رہے گی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق، اس دوران قومی شاہراہ پر ٹرانسپورٹ کی تمام اقسام بشمول ٹیکسیاں، نجی گاڑیاں اور بس سروسز بند رہیں گی۔ تاہم، مقامی یا شہری حدود کے اندر سفر کرنے والے افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے اور وہ اپنی روزمرہ ضروریات کے لیے اندرونِ شہر آمد و رفت کر سکیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور عوام کی سہولت کے لیے متبادل انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔
محکمہ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ لورالائی روٹ یا این-70 شاہراہ پر کسی بھی سفر سے قبل حکومتی ٹریول ایڈوائزری ضرور چیک کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ حکومتِ بلوچستان عوام کے تعاون کو سراہتی ہے اور امید کرتی ہے کہ شہری انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے اس عارضی فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال مستحکم رہے






