سٹاف رپورٹر:
کوئٹہ – پاکستان ریلوے نے بلوچستان سے دیگر صوبوں کے لیے چلنے والی متعدد ٹرینوں کو سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر معطل کردیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کو 10 اگست سے 14 اگست تک معطل کیا گیا ہے، جبکہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی سروس بھی اسی مدت کے دوران بند رہے گی۔ اسی طرح کراچی سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے کراچی آنے جانے والی بولان میل کو 16 اگست تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب ضلع مستونگ میں جعفر ایکسپریس کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے سے پٹڑی کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
گزشتہ چند دنوں کے دوران بلوچستان میں ریلوے ٹریک پر متعدد دھماکوں کے بعد صوبے بھر میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور مسافروں کی حفاظت کے لیے کیے گئے ہیں