کوئٹہ، 17 جولائی — بلوچستان کے دو مختلف اضلاع، بولان اور کوہلو میں فائرنگ کے افسوسناک واقعات پیش آئے، جن میں ایک خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، لیویز تھانہ بھاگ کی حدود میں واقع گاؤں عظمت میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر ایک مرد اور خاتون کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ لیویز فورس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔ حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، ضلع کوہلو کے مری کالونی میں دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت شادی خان کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سٹی شریف مری پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق دونوں واقعات کی تفتیش جاری ہے تاکہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے