ویب ڈیسک
زیارت – بلوچستان کے خوبصورت مگر خطرناک پہاڑی علاقے زیارت میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں منہ زڑگی ڈیم میں تین لڑکیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو لڑکیوں کو زندہ بچا لیا، جبکہ تیسری لڑکی کی لاش کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد نکالی گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی لڑکیوں کی شناخت 16 سالہ بی بی عقیدہ دختر محمد افضل اور 26 سالہ بی بی نجمہ زوجہ محمد جمیل کے طور پر ہوئی ہے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت منتقل کر دیا گیا ہے۔
بدقسمتی سے 22 سالہ بی بی روبینہ دختر محمد ہاشم جانبر نہ ہو سکیں اور ان کی لاش ڈیم سے مردہ حالت میں نکالی گئی۔
ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاء اللہ درانی کے مطابق ڈیم میں پانی کی گدلاہٹ اور غیر متوازن سطح کے باعث ریسکیو کارروائی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ لڑکیاں سیلابی ریلے کے بعد ڈیم میں جمع ہونے والے باقیات کو اکٹھا کرنے کے لیے وہاں موجود تھیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی۔
واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے پہلے ہی موسمیاتی ایڈوائزری جاری کی ہوئی ہے، جس میں شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر محفوظ مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے زیارت کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک اور غیر محفوظ مقامات پر جانے سے گریز کریں تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے