اسٹاف رپورٹر/ پریس ریلیز
فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس مقابلہ جاتی امتحان 2024 کے تحریری مرحلے کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، اس سال 23,100 امیدواروں نے امتحان کے لیے درخواست دی تھی جن میں سے 15,602 امیدواروں نے تحریری امتحان میں شرکت کی۔
امتحانی نتائج کے مطابق، صرف 395 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے ہیں۔ کامیابی کی شرح امیدواروں کی شرکت کے لحاظ سے 2.53 فیصد رہی ہے۔
ایف پی ایس سی کے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق، ان امیدواروں کے نتائج روک لیے گئے ہیں جو قواعد 2019 کے قاعدہ 16 (6) کے تحت مسترد کر دیے گئے تھے۔ ان امیدواروں کی تفصیلات ایف پی ایس سی کی سرکاری ویب سائٹ (www.fpsc.gov.pk) پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو میڈیکل معائنہ، نفسیاتی جائزہ اور وائوا وو کے شیڈول کے بارے میں جلد آگاہ کر دیا جائے گا۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایف پی ایس سی کی ویب سائٹ باقاعدگی سے وزٹ کرتے رہیں۔
کمیشن نے واضح کیا ہے کہ نتائج کی تیاری میں مکمل احتیاط برتی گئی ہے، تاہم کسی بھی غلطی یا کوتاہی کی صورت میں نتائج میں ترمیم کا حق محفوظ رکھا گیا ہے۔