نمائندہ خصوصی : سبی:
سبی میں ایک شاندار گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)، آئی جی پولیس بلوچستان، رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری بلوچستان اور سبی ڈویژن کے قبائلی عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔
جرگے کا مقصد بلوچستان کو درپیش چیلنجز کے حل، امن و استحکام کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔ قبائلی رہنماؤں نے اس موقع پر مقامی مسائل اور تجاویز پیش کیں جنہیں حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
گورنر بلوچستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے جرگہ اور قبائلی روایات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے امن قائم رکھنے اور ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔
کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نہ صرف امن و استحکام کو یقینی بنائیں گی بلکہ نوجوانوں کے لیے مثبت مواقع بھی فراہم کرتی رہیں گی۔
جرگے کے دوران کوئٹہ-ڈھاڈر (N-65) روڈ کی توسیع اور بہتری کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ خطے کی معاشی اور سماجی ترقی میں بھی اہم کردار ادا ہوگا۔
جرگے کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلوچستان کی پائیدار خوشحالی کے لیے حکومت، سیکیورٹی اداروں اور قبائلی عمائدین کا قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ قبائلی عمائدین نے عزم ظاہر کیا کہ وہ تنازعات کے حل کے ساتھ ساتھ سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں بھی فعال کردار ادا کریں گے