نمائندہ شیرانی
شیرانی: بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے شین غر اور ثپر پہاڑ پر واقع قدرتی زیتون کے جنگلات میں گزشتہ رات اچانک آگ بھڑک اٹھی، جو اب تک کئی ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، تیز ہواؤں کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے، اور صورتحال مزید سنگین ہو رہی ہے۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ محکمہ جنگلات کے اہلکار جائے وقوعہ پر تاحال نہیں پہنچ سکے۔ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے میں مصروف ہیں، تاہم وسائل اور تربیت کی کمی کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
متاثرہ افراد اور مقامی عمائدین نے حکومت بلوچستان، محکمہ جنگلات، اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ) سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قیمتی زیتون کے درختوں کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔
ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو یہ آگ نہ صرف مقامی ایکو سسٹم کو نقصان پہنچا سکتی ہے بلکہ قیمتی جنگلات کے مستقل نقصان کا باعث بھی بن سکتی ہے۔