سٹاف رپورٹر:
کوئٹہ — حکومتِ بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے متعدد سرگرمیوں پر ایک ماہ کے لیے مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں اسلحے کی نمائش یا استعمال، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کا استعمال اور گاڑیوں میں سیاہ شیشے لگانے پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، دھرنوں، جلوسوں اور ریلیوں کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے، بشمول مفلر، ماسک یا کسی بھی ایسے ذریعے کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جس سے شناخت میں رکاوٹ پیدا ہو۔ یہ اقدام صوبے میں سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور ان کی مدت ایک ماہ ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکومتِ بلوچستان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کی بہتری کے لیے ان احکامات پر عمل کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں







