:ویب ڈیسک
لاہور : پنجاب میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک کی خوفناک سازش کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ناکام بناتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ سی ٹی ڈی نے آپریشن یلغار کے تحت مختلف اضلاع میں کارروائیاں کر کے را کے چھ سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز اور خفیہ نقشے برآمد کیے گئے۔ بہاولپور میں دبئی سے فنڈنگ حاصل کرنے والے ایک سہولت کار کو گرفتار کیا گیا، جب کہ بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، جو بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس سے براہ راست دھماکہ خیز مواد حاصل کر چکے تھے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ دہشت گردوں نے بہاولپور میں ایک مسجد اور ریلوے اسٹیشن پر حملے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے بھارتی افسران میجر رویندرا راٹھور اور انسپکٹر سنگھ کی گفتگو بھی حاصل کی ہے، جن میں پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ اور حساس مقامات پر حملوں کے احکامات دیے گئے تھے۔
دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، حفاظتی فیوز، اور خفیہ دستاویزات بھی برآمد کی گئی ہیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان کی سلامتی کے خلاف کسی بھی سازش کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔