ریجنل میٹرولوجیکل سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ 29 دسمبر کی رات سے 31 دسمبر تک بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی، لورالائی، موسیٰ خیل، تربت، گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران سمیت متعدد اضلاع کو متاثر کر سکتا ہے۔
پیر کے روز صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی اضلاع میں شدید سردی متوقع ہے۔ رات کے وقت بعض مقامات پر بارش کے ساتھ تیز ہوائیں اور گرج چمک جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
منگل کے روز بھی بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم کئی علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ساتھ بلند مقامات پر برفباری بھی ہوسکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے کسی بھی ضلع میں بارش ریکارڈ نہیں ہوئی۔ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ممکنہ برفباری، پھسلن اور خراب موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔







