سٹاف رپوٹر
کوئٹہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی درخواست اور قائم کردہ کمیٹی کی یقین دہانیوں کے بعد پروفیسرز ایسوسی ایشن نے اپنا جاری بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان کا اظہار ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا جس میں صوبائی وزراء بخت محمد کاکڑ، میر شعیب نوشیروانی اور پروفیسر عبد القدوس کاکڑ شریک ہوئے۔
صوبائی وزیر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ اساتذہ نے طلباء و طالبات کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاج ختم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اساتذہ کے ساتھ مل کر تعلیمی مسائل کے حل کے لیے کام کرے گی۔
پروفیسر عبد القدوس کاکڑ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی قائم کردہ کمیٹی نے اساتذہ کے تحفظات دور کیے ہیں اور وزیراعلیٰ نے چھ ماہ میں اصلاحات لانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور تعلیم کے شعبے میں نئے ریفارمز متعارف کروا رہے ہیں، جن میں بلوچستان بورڈ آفس کی اصلاحات بھی شامل ہیں۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر پروفیسرز ایسوسی ایشن نے اپنا احتجاج ختم کرنے اور حکومت سے تعاون کا اعلان کیا۔