کوئٹہ: کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے پریس کلب کے احاطے میں پولیس کی مداخلت، صحافیوں کو کوریج سے روکنے اور ہراساں کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت اور آزادی اظہارِ رائے کے خلاف اقدام قرار دیا ہے۔

2 مارچ 2026 کو جاری مشترکہ بیان کے مطابق، دونوں تنظیموں کی قیادت کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں بی وائی سی کے میڈیا ٹاک کے دوران پریس کلب میں پولیس کے داخلے اور صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں رکاوٹ ڈالنے کے واقعے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس عمل کو غیر جمہوری، غیر قانونی اور ناقابلِ برداشت قرار دیا گیا۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پریس کلب ایک غیر جانبدار اور محفوظ مقام ہوتا ہے جہاں صحافتی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی سرکاری مداخلت ناقابلِ قبول ہے۔ پریس کانفرنس یا میڈیا ٹاک کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور دنیا بھر میں پریس کلب کے تقدس کو تسلیم کیا جاتا ہے۔

قیادت نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی کوئٹہ پریس کلب کو تالے لگانے جیسے واقعات پیش آئے تھے، جن پر شدید احتجاج کے بعد صوبائی حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ آئندہ ایسے اقدامات نہیں دہرائے جائیں گے۔ اس کے باوجود پولیس کا دوبارہ پریس کلب میں داخل ہونا اور صحافیوں کو کوریج سے روکنا نہایت تشویشناک ہے۔

کوئٹہ پریس کلب اور بی یو جے نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات اور آئی جی پولیس بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پریس کلب کے تقدس کو برقرار رکھنے، صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور مستقبل میں اس قسم کی بے جا مداخلت روکنے کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ قیادت نے واضح کیا کہ اگر عملی اقدامات نہ کیے گئے تو جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

About the Author

Quetta Voice is an English Daily covering all unfolding political, economic and social issues relating to Balochistan, Pakistan's largest province in terms of area. QV's main focus is on stories related to education, promotion of quality education and publishing reports about out of school children in the province. QV has also a vigilant eye on health, climate change and other key sectors.