کوئٹہ: ویب ڈیسک – ساتویں محرم الحرام کا مرکزی شبیہ ذوالجناح کا جلوس آج دوپہر 2 بجے امام بارگاہ کلاں ہزارہ پرنس روڈ سے برآمد ہوگا، جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا میکانگی روڈ پر امام بارگاہ ناصرالعزا پر اختتام پذیر ہوگا۔
انتظامیہ نے جلوس کے دوران سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے اہم راستوں کو قناتیں لگا کر اور ٹرک کھڑے کرکے سیل کر دیا ہے۔ جلوس کے راستے میں آنے والی دکانیں، مارکیٹیں اور پلازے بھی انجمن تاجران کے نمائندوں کی موجودگی میں بند کر دیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق جلوس کی حفاظت کے لیے پانچ ہزار سے زائد پولیس، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جب کہ پاک فوج کی پانچ پلاٹونز بطور کیو آر ایف (Quick Reaction Force) اس موقع پر اسٹینڈ بائی پر رہیں گی۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے دوران شہر کے حساس علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ متعدد سڑکوں پر ٹریفک مکمل بند کر دی گئی ہے، جس کے باعث شہر کے بیشتر علاقے سنسان دکھائی دے رہے ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ جلوس پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہو