سٹاف رپورٹر
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے ایک اہم انتظامی فیصلے کے تحت مکران، ژوب اور رخشان ڈویژن کو "اے ایریا” میں تبدیل کرتے ہوئے ان علاقوں میں لیویز فورس سے تمام تر اختیارات واپس لے کر پولیس کے حوالے کر دیے ہیں۔ اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
حکومتی مؤقف کے مطابق، اس اقدام کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور صوبے بھر میں سیکیورٹی کے نظام کو یکساں اور مؤثر بنانا ہے۔ حکام کے مطابق پولیس فورس جدید تربیت یافتہ ہے اور موجودہ حالات میں مؤثر قانون نافذ کرنے کے لیے ضروری ہے۔
تاہم اس فیصلے پر مختلف سیاسی جماعتوں نے شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ لیویز فورس ایک قدیم اور مقامی سیکیورٹی ادارہ ہے جو صدیوں سے مقامی قبائلی و سماجی ڈھانچے کا حصہ رہی ہے۔ ان کے مطابق لیویز عوامی اعتماد کی حامل فورس ہے جو مقامی روایات، قبائلی نظام اور زمینی حقائق سے بخوبی واقف ہے۔