سٹاف رپورٹر:
کوئٹہ – 30 ستمبر: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے پشین اسٹاف علاقے میں پیر کے روز زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اوردو درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکہ فرنٹیئر کور ہیڈ کوارٹر کے قریب ہوا۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے تصدیق کی ہے کہ پیر کے روز کوئٹہ میں ہونے والے خوفناک دھماکے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔
وزیر صحت کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ بیشتر زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے جہاں کئی افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ ایک مسافر بس کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں بس میں سوار افراد اور قریبی راہگیر متاثر ہوئے۔ ریسکیو ٹیمیں اور سکیورٹی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ شدید نوعیت کا تھا تاہم اس کی نوعیت اور ہدف کے بارے میں فوری طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ حالیہ مہینوں میں کوئٹہ میں پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس پر عوامی سطح پر تشویش بڑھتی جارہی ہے







