نیوز ڈیسک
زیارت– بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ قائد کے موقع پر زیارت میں واقع تاریخی قائداعظم ریزیڈنسی میں ایک پروقار اور شانِ شایان تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم خان، آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل عاطف مجتبیٰ، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی، قبائلی عمائدین، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے آئے ہوئے معزز مہمانوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران مقامی بچوں نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کر کے بابائے قوم کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی بے مثال قومی خدمات، اصولی قیادت اور جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یوم قائد اعظم ہر سال 25 دسمبر کو منایا جاتا ہے، جو بانی پاکستان محمد علی جناح کی سالگرہ ہے۔ اس دن ملک بھر میں عام تعطیل ہوتی ہے اور قائداعظم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔







