سٹاف رپورٹر:
کوئٹہ: شاہوانی اسٹیڈیم میں خودکش دھماکے کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی pکال پر بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔
صوبے کے بیشتر شہروں میں بازار، تجارتی مراکز اور مارکیٹیں بند رہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھا اور معمولاتِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے۔
متعدد مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
اپوزیشن رہنماؤں نے احتجاج میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے کہا کہ شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کے ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے ساجد ترین ایڈوکیٹ، پشتونخواہ میپ کے عبدالقہار ودان، عوامی نیشنل پارٹی کے اصغر خان اچکزئ، نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد بلیدی، پی ٹی ای کے داؤد شاہ کاکڑ اور دیگر رہنما دن بھر مختلف علاقوں میں کارکنوں کے ساتھ موجود رہے۰







