نمائندہ خصوصی
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آج سہ پہر ساڑھے تین بجے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ یہ اجلاس قومی اسمبلی کے ہال میں منعقد ہوگا، جس میں ملکی سلامتی سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کا ایجنڈا قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر مشتمل ہے۔ امکان ہے کہ داخلی و خارجی امور، سکیورٹی چیلنجز اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
وفاقی وزراء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت اجلاس میں شرکت یقینی بنائیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اجلاس سے حکومت کی مستقبل کی پالیسیوں کے خدوخال واضح ہو سکتے ہیں۔
حکومتی ترجمان کے مطابق اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دی جائے گی تاکہ عوام کو فیصلوں سے آگاہ کیا جا سکے۔