منان مندوخیل
کوئٹہ: وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف خضدار میں حالیہ افسوسناک واقعے کے تناظر میں کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزراء خواجہ آصف، محسن نقوی اور عطاء تارڑ بھی موجود ہیں۔
کوئٹہ ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کابینہ اراکین کے ہمراہ وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ اس دورے کو موجودہ سیکیورٹی حالات کے پیش نظر نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اپنے قیام کے دوران اہم ملاقاتوں میں شرکت کریں گے اور سیکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطحی بریفنگ لیں گے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں امن و امان سے متعلق ایک اہم اجلاس بھی متوقع ہے، جس میں خضدار واقعے سمیت مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔