نیوز ڈیسک : کوئٹہ – صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان حکومت کی سفارش پر محفوظ علی خان کو 11ویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں صوبے کے غیر سرکاری رکن کے طور پر نامزد کرنے کی منظوری دے دی۔ ایوانِ صدر کے مطابق اس فیصلے کے بعد قبل ازیں جاری کی گئی نامزدگی خود بخود منسوخ ہوگئی ہے۔
صدر نے 22 اگست 2025 کو 11واں این ایف سی تشکیل دیا تھا جس میں وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کو چیئرمین مقرر کیا گیا۔ کمیشن میں چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ بطور ارکان شامل ہیں جبکہ ہر صوبے سے ایک ماہر کو غیر سرکاری رکن کے طور پر نامزد کیا جاتا ہے۔
آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 160 کے تحت این ایف سی کا بنیادی کام وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی وسائل، گرانٹس اور قرضوں کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانا ہے۔
کمیشن کا پہلا اجلاس 29 اگست کو ہونا تھا تاہم ملک میں حالیہ شدید سیلابی صورتحال کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم آئینی تقاضہ اور قومی ہم آہنگی کے لیے ناگزیر ہے