بھاگ (بلوچستان) – ضلع کچھی کی تحصیل بھاگ ناڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس تھانے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او لطف علی کھوسہ شہید جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق، حملہ آوروں نے بھاگ پولیس اسٹیشن پر دستی بم پھینکے اور فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایس ایچ او بھاگ ناڑی انسپکٹر لطف علی کھوسہ، جو ضلع صحبت پور سے تعلق رکھتے تھے، جام شہادت نوش کر گئے۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تاکہ ملوث عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق، حملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ واقعے کے محرکات اور حملہ آوروں کے پسِ منظر کا پتہ لگایا جا سکے۔
یہ حملہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس پر بڑھتے ہوئے حملوں کا تسلسل ہے، جس سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر مزید تشویش پیدا ہو رہی ہے۔







