سٹاف رپورٹر
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 252 روپے 63 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل اب 256 روپے 64 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مئی کی رات 12 بجے سے ہوگا۔
یاد رہے کہ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں ماہرین نے امکان ظاہر کیا تھا کہ 30 اپریل تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر کی کمی کی جا سکتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی ممکنہ کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے بلوچستان میں موٹروے طرز کی شاہراہوں کی تعمیر پر خرچ کیا جائے گا۔
ادھر، 15 اپریل کو صدر مملکت نے ایک پیٹرولیم لیوی آرڈیننس جاری کیا جس کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی کی شرح میں نمایاں اضافہ کیا گیا۔ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق اب پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 78 روپے 2 پیسے جبکہ ڈیزل پر 77 روپے ایک پیسے فی لیٹر وصول کی جائے گی، جو پہلے بالترتیب 70 روپے فی لیٹر تھی۔
اس اضافے کے بعد پیٹرول پر لیوی میں 8 روپے 2 پیسے اور ڈیزل پر 7 روپے ایک پیسے فی لیٹر کا بوجھ عوام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جسے ماہرین ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ پیٹرولیم لیوی قرار دے رہے ہیں۔