کراچی (ویب ڈیسک) — پاک بھارت جنگ بندی اور پاک فوج کی جانب سے کامیاب آپریشن “بنیان المرصوص” کے بعد پیر کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں نے کھل کر سرمایہ کاری کی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مطابق پیر کو کاروبار کے آغاز پر ہی زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا، اور کے ایس ای 100 انڈیکس 9,650 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 116,650 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ انڈیکس میں 8.12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث مارکیٹ میں ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کے لیے عارضی طور پر معطل کرنا پڑا۔
صبح 9 بج کر 30 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس ایک موقع پر 9,929 پوائنٹس یا 9.26 فیصد اضافے کے ساتھ 117,104 پوائنٹس تک جا پہنچا، جبکہ جمعہ کے روز مارکیٹ 107,174 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
ماہرین کے مطابق 10 مئی کو بھارت کے خلاف کامیاب فوجی کارروائی اور جنگ بندی کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اس اعتماد کے نتیجے میں سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں جیسے کہ آٹوموبائل، سیمنٹ، بینکنگ، انشورنس، ٹیکنالوجی، کیمیکل اور فوڈ انڈسٹریز میں نمایاں سرمایہ کاری دیکھی گئی۔
کے ایس ای 100 کے علاوہ دیگر انڈیکس بھی مثبت رجحان کے ساتھ بند ہوئے جن میں آل شیئر انڈیکس 5,404 پوائنٹس، کے ایس ای 30 انڈیکس 3,020 پوائنٹس، کے ایم آئی 14,852 پوائنٹس اور بی کے ٹی آئی انڈیکس 2,346 پوائنٹس بڑھا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ بندی اور خطے میں امن کی امیدوں کے ساتھ سرمایہ کار دوبارہ متحرک ہو چکے ہیں، اور اگر حالات پُرامن رہے تو پاکستان اسٹاک مارکیٹ جلد اپنی بلند ترین سطح کو چھو سکتی ہے