نمائندہ خصوصی اسلام آباد
راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب اپنی مرضی کے وقت، جگہ اور طریقے سے دینے کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی اشتعال انگیز کارروائیوں کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب ملے گا، اور پاکستان کی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج مکمل طور پر تیار اور چوکس ہے، اور کسی بھی قسم کی جارحیت یا مہم جوئی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج ہر لمحہ تیار ہے، اور قوم کی توقعات پر ہر حال میں پورا اترا جائے گا۔