نوشکی (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ حملہ اس وقت کیا گیا جب پولیو ٹیم بچوں کو ویکسین پلانے کے لیے علاقے میں موجود تھی۔
پولیس کے مطابق، فائرنگ کرنے والے حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ شہید ہونے والا پولیس اہلکار پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور تھا۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کیے۔ تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسے حملے انسداد پولیو مہم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں، جسے ناکام بنایا جائے گا۔ حکام نے اعلان کیا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جائیں گے تاکہ پولیو ورکرز کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔