مانیٹرنگ ڈیسک
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے حکومت پر زور دیا ہے کہ قومی مفاد کے حساس معاملات پر سیاست کو بالائے طاق رکھ کر ایک متحدہ لائحہ عمل اپنایا جائے۔ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفر نے ایک بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام ہے کہ ’’حکومت چاہے کسی کی بھی ہو، ہم پاکستان کے ساتھ ہیں۔‘‘
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائی جائے اور اس میں عمران خان کو شامل کیا جائے، تاکہ قومی سطح پر متفقہ مؤقف سامنے آسکے۔ علی ظفر نے خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو یہ واضح ہو جائے گا کہ حکومت اس اہم قومی معاملے پر بھی سیاست کر رہی ہے۔
دوسری طرف چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے ایبٹ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے جارحانہ رویے پر سخت مؤقف اختیار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی الزامات اور دھمکیاں نئی بات نہیں، مگر پاکستانی قوم نے ہمیشہ یکجہتی کے ساتھ مؤثر جواب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے کے لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کو روکنا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور قوم کو ایک پیج پر آ کر بھارت کے خلاف اجتماعی مؤقف اپنانا ہوگا۔