کوئٹہ، 4 فروری 2026:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ صوبے کے عوام کی ملازمتوں پر کسی قسم کا سودا برداشت نہیں کیا جائے گا اور بھرتیوں کا عمل مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جس کے تحت گریڈ 1 سے گریڈ 15 تک 25 ہزار سے زائد سرکاری آسامیوں کے اشتہارات جاری کیے جا چکے ہیں تاکہ اہل امیدواروں کو شفاف انداز میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ گریڈ 16 اور گریڈ 17 کی تقریباً 4 ہزار خالی آسامیوں کی سمری باقاعدہ طور پر بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو ارسال کر دی گئی ہے، تاکہ آئینی اور منصفانہ طریقہ کار کے تحت بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن محکموں میں ٹیسٹ اور انٹرویوز کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، وہاں جلد تعیناتی کے احکامات جاری کیے جائیں گے تاکہ امیدواروں کو مزید انتظار نہ کرنا پڑے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دیگر محکموں میں بھی محکمہ خزانہ کے طرز پر آن لائن ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیاں ہی گڈ گورننس کی اصل بنیاد ہیں اور حکومت اس اصول پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی اور ہر اہل امیدوار کو اس کا حق دیا جائے گا







