سٹاف رپورٹر
کوئٹہ الیکشن ٹریبونل کے جسٹس عامر رانا نے این اے 251 ژوب قلعہ سیف اللہ کے 22 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی (PNAP) کی جانب سے انتخابی نتائج پر اٹھائے گئے اعتراض کے بعد سنایا گیا، جس میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔
گنتی الیکشن کمیشن کے دفتر میں امیدواروں اور ان کے قانونی نمائندوں کی موجودگی میں کی جائے گی۔ PNAP کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کی نمائندگی معروف قانونی ماہر سلمان اکرم راجہ کر رہے ہیں، جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار مولوی شمس الدین کی نمائندگی سینیئر وکیل ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ کر رہے ہیں۔
دوبارہ گنتی کا یہ عمل انتخابی عمل میں شفافیت، انصاف اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔