شینوانیوز ایجنسی : لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی جدوجہد اور دوسری جنگِ عظیم میں فسطائیت کے خلاف عالمی فتح کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر لندن میں ایک شاندار موسیقی تقریب منعقد کی گئی۔
اس پروگرام کا عنوان “بہتر مستقبل کے لیے تاریخ کا احترام” تھا، جس میں فنونِ لطیفہ کے 10 مختلف مظاہرے پیش کیے گئے اور 300 سے زائد افراد شریک ہوئے۔
یہ میوزیکل شو صوبہ ہونان کے “سانگ اینڈ ڈانس تھیٹر” اور “نیو ایلیمنٹس میوزک” نے پیش کیا، جبکہ لندن سٹی آرکسٹرا اور کیمڈن فلہارمونیا آرکسٹرا کے مہمان فنکاروں نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
تقریب سے قبل استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ میں تعینات چینی سفیر ژینگ زے گوانگ نے کہا کہ آج کی یہ تقریب ان تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ذریعہ ہے جنہوں نے انسانیت اور انصاف کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ موسیقی کے ذریعے ہم امن، دوستی اور مشترکہ بہتر مستقبل کے عزم کو دنیا تک پہنچا رہے ہیں۔
لزبن مارو میموریل ایسوسی ایشن کے چیئرمین انتھونی جونز نے اس موقع پر دستاویزی فلم “دی سنکنگ آف دی لزبن مارو” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام چین اور برطانیہ کے درمیان دوسری جنگِ عظیم کی مشترکہ یادوں اور جذبات کی عکاسی کرتا ہے، جس نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ایک گہرا تعلق اجاگر کیا۔ فلم میں ان چینی ماہی گیروں کی بہادری کو سراہا گیا ہے جنہوں نے جنگ کے دوران برطانوی قیدیوں کو بچایا تھا