عبدالرحمٰن
موسیٰ خیل : بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری میں آسمانی بجلی گرنے کا ایک دل خراش واقعہ پیش آیا، جس میں
ایک ہی گھر کے دو نوجوان بھائی جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ جمعے کے روز اس وقت پیش آیا جب علاقے میں شدید گرج چمک اور بارش کا سلسلہ جاری تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق، گل محمد نیک نامزئی کے گھر پر آسمانی بجلی گری، جس کے نتیجے میں ان کے دو جوان بیٹے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی تاہم خاندانی ذرائع کے مطابق دونوں بھائی گھر کے باہر موجود تھے جب بجلی گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی، اور اہلِ علاقہ بڑی تعداد میں متاثرہ خاندان کے گھر پہنچ گئے۔ ضلعی انتظامیہ کو بھی واقعہ کی اطلاع دی گئی ہے تاہم تاحال کسی قسم کی سرکاری رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق، جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کی نمازِ جنازہ آج دن 11 بجے کنگری بازار کے مرکزی قبرستان میں ادا کی جائے گی۔ اہل علاقہ، عزیز و اقارب اور دوست احباب سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔