سٹاف رپورٹر:
کوئٹہ: بلوچستان کے سینئر قانون دان منیر احمد خان کاکڑ کو پاکستان بار کونسل کا رکن منتخب ہونے پر صوبے بھر کی قانونی برادری کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ وکلاء تنظیموں، بار ایسوسی ایشنز اور ممتاز قانون دانوں نے ان کی کامیابی کو بلوچستان کے وکلاء کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ منیر احمد خان کاکڑ کی کامیابی ان کی طویل پیشہ ورانہ خدمات، اصولی مؤقف اور وکلاء کے حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور وکلاء برادری کے اجتماعی مسائل کے حل کے لیے قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ منیر احمد خان کاکڑ کا شمار بلوچستان کے سینئر اور تجربہ کار وکلاء میں ہوتا ہے، جو کئی دہائیوں سے وکالت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ وہ نہ صرف نوجوان وکلاء کی رہنمائی کرتے رہے ہیں بلکہ پیشہ ورانہ وکلاء کو منظم کرنے اور ان کے پلیٹ فارم کو مضبوط بنانے میں بھی نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
قانونی ماہرین اور وکلاء رہنماؤں نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان بار کونسل میں منیر احمد خان کاکڑ کی نمائندگی سے بلوچستان سمیت ملک بھر کے وکلاء کے مسائل مؤثر انداز میں اجاگر ہوں گے اور عدالتی اصلاحات، وکلاء کے حقوق اور جمہوری اقدار کے فروغ میں مثبت پیش رفت ہوگی






