کوئٹہ – صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس اچانک معطل کر دی گئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موبائل نیٹ ورک کی بندش سے طلبہ، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد، اور دور دراز علاقوں میں موجود مسافر سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ مواصلاتی رابطے نہ ہونے کی وجہ سے اہم پیغامات اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہیں۔
حکام کی جانب سے سروس معطلی کی کوئی باضابطہ وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، صوبائی حکومت نے حال ہی میں صوبے بھر میں دفعہ 144 بھی نافذ کر رکھی ہے، جس کے تحت اسلحہ کی نمائش، گاڑیوں پر کالے شیشوں کا استعمال اور دیگر بعض سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔
تاحال موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے لیے کوئی حتمی وقت نہیں بتایا گیا، اور شہری حکومتی اقدامات کے باعث غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں