نیوز ڈیسک:
کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے صوبے بھر میں 5 ستمبر کو موبائل انٹرنیٹ اور پی ٹی سی ایل/این ٹی سی وائرلیس سروسز معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ 12 ربیع الاول کے جلوسوں کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں شام 5 بجے سے رات 9 بجے تک موبائل فون کی 3G اور 4G سروسز بند رہیں گی۔ اس کے علاوہ کوئٹہ، نوشکی، مستونگ، خضدار اور سبی سمیت چند اضلاع میں پی ٹی سی ایل اور این ٹی سی وائرلیس انٹرنیٹ سروسز بھی معطل رہیں گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ہے، جبکہ سرکاری محکموں کے لیے وائٹ لسٹ شدہ نمبر اور چند مخصوص کنیکشن بحال رہیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اگست میں بھی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز 15 روز کے لیے معطل رہی تھیں، جس پر شہری اور کاروباری حلقوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔