کوئٹہ، 27 فروری 2026 — بلوچستان ھائ کورٹ نے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کے حوالے سے بعض اخبارات میں شائع ہونے والی رپورٹس کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے باضابطہ وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 27 فروری 2026 کو شائع ہونے والی خبروں میں عدالتی حکم کے بارے میں غلط تاثر پیش کیا گیا، جس کی تردید ضروری تھی۔ عدالت نے واضح کیا کہ اس معاملے میں جاری عدالتی حکم کی مصدقہ نقل علیحدہ طور پر شائع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ عوام تک درست اور مستند معلومات پہنچ سکیں۔
بیان میں یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ صحافتی حلقوں، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا سے وابستہ افراد کو پہلے بھی آگاہ کیا جا چکا ہے کہ کسی بھی عدالتی حکم یا کارروائی کو شائع یا نشر کرنے سے قبل اس کی مصدقہ نقل حاصل کرنا لازم ہے۔
عدالت نے ہدایت دی ہے کہ بغیر تصدیق عدالتی امور سے متعلق خبریں شائع یا نشر نہ کی جائیں اور رپورٹنگ میں مکمل احتیاط برتی جائے۔ مزید یہ کہ ذاتی تشہیر یا غیر مصدقہ معلومات کی بنیاد پر کسی قسم کی رپورٹنگ سے اجتناب کیا جائے۔
یہ وضاحتی بیان رجسٹرار، عدالت عالیہ بلوچستان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے







