نیوز ڈیسک:
ممتاز مذہبی اسکالر اور اسلامی نظریاتی کونسل (CII) کے سابق چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی نے 92 سال کی عمر میں دوسری شادی کرلی۔ ان کی شادی کی خبر قومی سطح پر سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نکاح کی تقریب اسلام آباد میں نہایت سادگی کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں قریبی رشتہ داروں، علما کرام اور معزز شخصیات نے شرکت کی اور مولانا شیرانی کو شادی کی مبارکباد دی۔ دلہن کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے، جبکہ نکاح اسلامی روایات کے مطابق انجام پایا۔
مولانا محمد خان شیرانی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ یہ ان کی دوسری شادی ہے، اور بتایا کہ ان کی پہلی اہلیہ کا کچھ عرصہ قبل انتقال ہو گیا تھا۔
مولانا شیرانی پاکستان کے معروف مذہبی و سیاسی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین رہ چکے ہیں اور دینی و قومی معاملات پر ان کی رائے کو خاص مقام حاصل ہے۔
وہ ماضی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما بھی رہے، تاہم 25 دسمبر 2020 کو پارٹی کی انضباطی کمیٹی نے ان کی رکنیت ختم کردی تھی۔ کمیٹی کے ارکان میں آغا ایوب شاہ، مولانا عبد الوسی، اور مولانا عبدالحکیم شامل تھے







