نمائندہ خصوصی
ڈیرہ مراد جمالی: 14 فروری 2026 کو پاکستان عوام راج تحریک (بلوچستان) کے زیراہتمام اسمبلی ہال نصیرآباد میں ایک شاندار یوتھ کنونشن منعقد ہوا جس میں نوجوانوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء کے جوش و خروش نے صوبے میں بڑھتی ہوئی سیاسی بیداری کی عکاسی کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی، سینئر صحافی اور بانی تحریک سید اقرار الحسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ملک کے سیاسی مستقبل کی سمت متعین کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے شفاف طرزِ حکمرانی، احتساب، سیاسی اصلاحات اور عوامی حقوق کے تحفظ کو تحریک کا بنیادی مقصد قرار دیا۔
کنونشن کے دوران سینکڑوں نوجوانوں نے عوام راج کے منشور اور وژن سے متاثر ہو کر موقع پر ہی رجسٹریشن کروائی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ رجحان نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی سیاسی شعور اور مثبت تبدیلی کی خواہش کا ثبوت ہے۔
اس موقع پر تحریک کے رہنما نیاز بلوچ نے اہم اعلان کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی یوتھ ونگ کے صوبائی نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں اب عوام راج کے عوامی ایجنڈے اور اصلاحاتی پروگرام کے لیے وقف کریں گے۔ ان کے اعلان کو شرکاء کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
تقریب کے اختتام پر پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں میڈیا نمائندگان نے کنونشن کی منظم تیاری اور عوامی شرکت کو سراہا۔ قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک کا پیغام بلوچستان کے ہر ضلع اور ہر طبقے تک پہنچایا جائے گا۔
سیاسی حلقوں کے مطابق نصیرآباد میں منعقد ہونے والا یہ یوتھ کنونشن صوبے میں نئی سیاسی صف بندی اور نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے کردار کی نشاندہی کرتا ہے۔







