ویب ڈیسک
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں بھارتی پشت پناہی سے سرگرم خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت ایکشن کے ذریعے 9 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے قوم کے سرفخر بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہیں کہ پاکستان کی سرزمین پر دہشتگردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی قربانیاں اور حوصلہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کا ہر شہری اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ایجنڈے پر کام کرنے والے خوارجی عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچانا سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے، جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔