نمائندہ خصوصی : لسبیلہ، بلوچستان – 22 اگست 2025: این-25 قومی شاہراہ پر اوتھل کے قریب ابو ہوٹل کے مقام پر صبح سویرے خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔
میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر (MERC 1122) کے مطابق حادثہ صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا جب دو پک اپ گاڑیاں اور ایک مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی MERC 1122 کے سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سے میڈیکل ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ نو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ایمبولینس کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اوتھل منتقل کر دیا گیا۔
انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ این-25 شاہراہ پر سفر کے دوران احتیاط برتیں، کیونکہ اس شاہراہ پر حالیہ مہینوں میں متعدد ہلاکت خیز حادثات ہوچکے ہیں۔
کسی بھی ہنگامی صورت حال میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور پر 1122 پر کال کریں