اسلام آباد: منگل کے روز جی-11 اسلام آباد کچہری کے مرکزی دروازے کے قریب مشتبہ خودکش دھماکے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق جبکہ درجن سے زائد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق دھماکہ شدید نوعیت کا تھا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور نے کچہری کے احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کی، مگر ناکامی پر پولیس کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ فرانزک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ریسکیو 1122، ایمبولینسز اور پولیس کی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اسلام آباد کے آئی جی پولیس اور چیف کمشنر سمیت اعلیٰ حکام نے جائے وقوعہ اور اسپتال کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، بالخصوص عدالتی اور سرکاری عمارتوں کے اطراف میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ کچہری کے گیٹ کے قریب سروس روڈ پر کھڑی ایک گاڑی میں ہوا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حملے کی نوعیت اور ممکنہ منصوبہ سازوں کا پتہ لگایا جا سکے۔
مزید تفصیلات موصول ہوتے ہی خبر کو اپڈیٹ کیا جائے گا






