کوئٹہ (ویب ڈیسک) — ایران ایئر نے کوئٹہ سے ایرانی شہروں زاہدان اور مشہد کے لیے براہِ راست ہفتہ وار مسافر اور کارگو پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، سفر اور اقتصادی روابط کو فروغ دینا ہے۔
یہ اعلان ایران کے قائم مقام قونصل جنرل علی رضا رجائی نے پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علی رضا رجائی نے کہا کہ یہ نئی فضائی سروس دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارت اور روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان پروازوں سے تاجروں کے لیے سفر کے اخراجات اور وقت میں نمایاں کمی آئے گی اور باہمی تجارت کو فروغ ملے گا۔
ایران ایئر کے اعلیٰ حکام، جن میں چیف آغا کریمی اور ڈپٹی چیف آغا اسماعیل شامل تھے، بھی اس موقع پر موجود تھے۔
علی رضا رجائی نے مزید کہا کہ یہ سروس خاص طور پر پاکستان کی گوادر بندرگاہ اور ایران کی چاہ بہار بندرگاہ کے درمیان تعاون کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی، جو خطے کی تجارت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ویزا عمل کو آسان اور کرایوں کو مناسب بنایا جائے تاکہ کاروباری طبقے کو سہولت دی جا سکے